اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عطیات کے عالمی دن کے موقع پر قوم کو پیغام دیتے ہوئے سیلاب متاثرین کے لیے امداد و تعاون بڑھانے کی اپیل کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ مل کر آج کے دن امداد، عطیات اور باہمی رواداری کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان کی معاشرتی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ پاکستانی ہمیشہ بلارنگ و نسل دوسروں کی بے لوث خدمت میں پیش پیش رہے ہیں۔
اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ خدمتِ خلق کا جذبہ پاکستان کی سماجی و معاشرتی اقدار اور اسلامی روایات کا قیمتی اثاثہ ہے۔ قدرتی آفات، حادثات اور جنگوں میں پاکستانی قوم نے ہمیشہ ایک دوسرے کی بھرپور مالی اور عملی مدد کی ہے، جس کی بدولت پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شمار ہوتا ہے جو سب سے زیادہ عطیات دینے میں نمایاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات عطیات کے تحت مفت علاج، مفت دسترخوان، ایمبولینس سروسز اور دیگر فلاحی خدمات بڑی کامیابی سے انجام دے رہے ہیں جو ہماری روشن روایات کی آئینہ دار ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت بھی مختلف جامع پروگرامز کے ذریعے غربت میں کمی اور فلاحی منصوبوں پر کامیابی سے کام کر رہی ہے۔ ان میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان بیت المال، زکوٰۃ فنڈ، ای او بی آئی، تخفیف غربت فنڈ، TEVTA اور صحت کے منصوبے شامل ہیں جن سے لاکھوں ضرورت مند فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے متاثرہ آبادی گھروں، روزگار اور مال و مویشیوں کے نقصان کا شکار ہے اور خوراک، چھت اور صحت کی سہولیات کی شدید ضرورت ہے۔ اس صورتحال میں وفاقی و صوبائی حکومتیں، عوام اور فوج مل کر ریسکیو و ریلیف آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عوام اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بڑھ چڑھ کر مدد کریں اور کہا کہ:
“باہمی رواداری اور خدمت کے جذبے پر عمل پیرا ہو کر ہم ایک باوقار اور خوشحال مستقبل کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔”