اسما عباس کا کینسر کے خلاف بہادری سے لڑنے کا انکشاف

کراچی: پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ اسما عباس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ماضی میں کینسر جیسے موذی مرض کا شکار رہ چکی ہیں اور اس کے خلاف ایک سخت جدوجہد کر چکی ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ کینسر کا وقت ان کے لیے بےحد مشکل تھا، مگر ان کی بیٹی زارا نور عباس نے ان کی سب سے بڑی ہمت بن کر ساتھ دیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کا وزن اچانک تیزی سے کم ہونے لگا، جس پر شروع میں انہیں خوشی ہوئی کہ وزن خود ہی کم ہو رہا ہے، مگر جب دیگر غیر معمولی تبدیلیاں ظاہر ہوئیں تو معائنے کے بعد پتہ چلا کہ وہ کینسر کا شکار ہیں۔

اسما عباس نے کہا کہ خوش قسمتی سے ان کی بروقت تشخیص ہوگئی اور انہوں نے فوری طور پر علاج شروع کیا، جس کے باعث انہیں اپنے دو پراجیکٹس چھوڑنے پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے لوگوں نے انہیں علاج کے لیے امریکہ جانے کا مشورہ دیا، حتیٰ کہ ان کے بھائی نے بھی انہیں بلایا، مگر انہوں نے فیصلہ کیا کہ علاج پاکستان میں ہی کروایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں والد کی نصیحت یاد رہی:
“موت کا فرشتہ جہاں آنا چاہے گا، وہیں آئے گا۔”

اداکارہ نے خوشی کا اظہار کیا کہ وہ کینسر کو شکست دینے میں کامیاب رہیں اور اس پر خدا کی شکر گزار ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اب بھی وہ ذیابطیس اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں، لیکن اپنی صحت مند زندگی گزار رہی ہیں اور پنجابی شو میں رقص کرتی نظر آتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں