اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے ترک نژاد خاتون نسلیحان کو ترکیہ واپسی پر جہاز سے آف لوڈ کرنے کے واقعے کا فوری نوٹس لیا۔
وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کے ایم ڈی محمد افضال بھٹی کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاتون کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔
ایم ڈی او پی ایف محمد افضال بھٹی نے لاہور میں ترک نژاد خاتون نسلیحان سے ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ ان کی ترکیہ واپسی کا مسئلہ جلد از جلد حل کر دیا جائے گا۔
نسلیحان نے وزیراعظم شہباز شریف اور ایم ڈی او پی ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ وہ جلد اپنے بچوں اور شوہر کے ہمراہ اپنی والدہ سے ملنے ترکیہ جا سکیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی نوٹس کے بعد دوبارہ کبھی بھی انہیں ایسے مسائل کا سامنا نہیں ہوگا، کیونکہ پاکستان بھی ان کا دوسرا وطن ہے۔