دبئی (اسپورٹس ڈیسک):ایشیا کپ 2025 کے سب سے بڑے اور اہم ٹاکرے میں ایک غیر معمولی واقعہ دیکھنے میں آیا۔ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔ حالانکہ مصافحہ کرکٹ کی ایک دیرینہ روایت سمجھا جاتا ہے، لیکن اس بار دونوں ٹیموں کے قائدین نے یہ عمل انجام نہیں دیا۔واقعہ اس وقت بھی نمایاں ہوا جب ٹاس کے بعد سلمان علی آغا کمنٹیٹر روی شاستری سے گفتگو مکمل کرکے واپس لوٹے، تاہم اس موقع پر بھی دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔شائقین کرکٹ نے اس منظر پر مختلف رائے دی۔ کچھ کے نزدیک یہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ حریفانہ کشیدگی کی عکاسی ہے، جبکہ دیگر نے اسے محض ایک اتفاق قرار دیا۔یاد رہے کہ ٹاس پاکستان نے جیت کر بھارت کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
