ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست ابوظہبی میں ایک وکیل کی جانب سے اپنے ہی موکل کے خلاف بقایا فیس کے لیے دائر کیا گیا مقدمہ عدالت نے مسترد کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق وکیل نے اپنے موکل سے 6 لاکھ 50 ہزار درہم، 5 فیصد سود اور عدالتی اخراجات دلوانے کی درخواست دی تھی۔ وکیل کا مؤقف تھا کہ اس نے کمرشل نمائندگی کے معاہدے کے تحت اپنے موکل کا مقدمہ لڑا مگر کلائنٹ نے طے شدہ فیس ادا نہیں کی۔
تاہم عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ وکیل نے مقدمہ دائر کرنے کا درست طریقہ اختیار نہیں کیا۔ قانون کے مطابق وکیل اور کلائنٹ کے درمیان فیس کا تنازع اسی عدالت میں طے ہوگا جس نے اصل مقدمہ سنا تھا۔
عدالت نے مزید کہا کہ اصل مقدمے کی سماعت کرنے والی عدالت ہی وکیل کی محنت اور کلائنٹ کو حاصل ہونے والے فائدے کی بنیاد پر فیس کا تعین کر سکتی ہے۔
فیصلے میں عدالت نے واضح کیا کہ وکیل کو یہ تنازع اسی عدالت میں لے جانا چاہیے تھا جہاں انہوں نے اپنے موکل کا مقدمہ لڑا تھا، لہٰذا موجودہ درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر خارج کی جاتی ہے۔