دارفور: سوڈان کے علاقے دارفور کے شہر الفاشر میں صفیہ مسجد پر ڈرون حملے میں 70 سے زائد شہری جاں بحق ہوگئے۔ مقامی حکام کے مطابق حملہ پیراملٹری گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) نے کیا۔ جاں بحق افراد میں خواتین اور بے گھر شہری بھی شامل ہیں۔
سوڈانی فوج کی چھٹی انفنٹری ڈویژن کے مطابق نمازیوں کو عین نماز کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں ہسپتالوں، اسکولوں اور بے گھر افراد کے مراکز کو بھی نقصان پہنچا۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں مسجد کا ملبہ اور جاں بحق نمازیوں کی لاشیں دیکھی جاسکتی ہیں۔ سوڈان ڈاکٹرز نیٹ ورک نے اسے غیر مسلح شہریوں کے خلاف سنگین جرم قرار دیا اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کہا۔
اقوام متحدہ نے بھی خبردار کیا کہ خانہ جنگی کے باعث سوڈان میں نسلی تشدد بڑھ رہا ہے اور عام شہری سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔