انجلینا جولی کا اظہار رائے کی آزادی پر تشویش: “میں اپنے ملک کو نہیں پہچانتی”

واشنگٹن (ویب ڈیسک): آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک کو مزید تسلیم نہیں کرتیں کیونکہ امریکہ میں اظہار رائے کی آزادی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

سپین کے فلم فیسٹیول میں اپنی نئی فلم کی نمائش کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جولی نے کہا:

“میں اپنے ملک سے محبت کرتی ہوں، لیکن میں اس وقت اپنے ملک کو نہیں پہچانتی۔”

ان کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت پر تنقیدی میڈیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے الزامات بڑھ رہے ہیں، جس کے باعث اظہار رائے کی آزادی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

50 سالہ انجلینا جولی، فرانسیسی ہدایت کارہ ایلس ونوکور کی فلم کُوچر کی پروموشن کے سلسلے میں اسپین میں موجود تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ “دنیا میں کوئی بھی چیز جو تقسیم پیدا کرے یا آزادی کو محدود کرے، وہ میرے خیال میں انتہائی خطرناک ہے۔ یہ ایک بہت بھاری وقت ہے۔”

انجلینا جولی 1999 میں فلم گرل، انٹرپٹڈ میں کردار کے لیے آسکر ایوارڈ جیت چکی ہیں۔ 2013 میں انہوں نے چھاتی اور بیضہ دانی کے کینسر کے خطرات کو کم کرنے کے لیے احتیاطی سرجری بھی کروائی تھی۔ جولی نے کہا کہ خواتین میں کینسر کے بارے میں آگاہی دینا نہایت ضروری ہے کیونکہ یہ براہ راست ان کی زندگیوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں