میرا سیٹھی نے دو سال بعد طلاق کی تصدیق کر دی

لاہور (ویب ڈیسک): معروف اداکارہ، مصنفہ اور ڈرامہ نگار میرا سیٹھی نے دو برس بعد اپنی طلاق کی تصدیق کر دی۔

ایک حالیہ انٹرویو میں میرا سیٹھی نے بتایا کہ ان کی ازدواجی زندگی مارچ 2023 میں ختم ہوئی۔ اس وقت وہ ڈرامہ سیریل اَن کہی کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، جسے انہوں نے اپنی زندگی کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک قرار دیا۔

میرا سیٹھی نے یاد دلایا کہ برسوں پہلے ایک ڈرامے میں وہ یہ مکالمہ بول چکی ہیں:

“طلاق یافتہ عورت معاشرے کے لیے کانٹا بن جاتی ہے۔”

انہوں نے کہا کہ یہ فقرہ آج بھی ان کے دل میں تازہ ہے، اگرچہ اب حالات پہلے سے بہتر ہیں اور شوبز کی کئی فنکارائیں اس موضوع پر کھل کر بات کرتی ہیں، لیکن شادی کے خاتمے کے بعد جو درد اور شناخت کا بحران آتا ہے، وہ ایک کڑی حقیقت ہے۔

اداکارہ کے مطابق طلاق کے بعد وہ ڈھائی سال سے اپنی ذات میں جھانکنے کے عمل سے گزر رہی ہیں۔ ان کے بقول یہ عمل ایک فنکار کے لیے اور بھی ضروری ہوتا ہے کیونکہ ان کی زندگی اکثر پردۂ اسکرین پر دوسروں کے سامنے ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران اہل خانہ اور دوستوں نے غیر معمولی ساتھ دیا، جبکہ کچھ اجنبیوں کی مدد بھی ان کے لیے ہمت کا باعث بنی۔ ان کا کہنا تھا کہ طلاق انسان کی نفسیات اور شناخت پر گہرا اثر ڈالتی ہے، تاہم یہ اندر کی دنیا کو سمجھنے کا ایک مثبت اور لازمی تجربہ بھی بن سکتا ہے۔

خیال رہے کہ میرا سیٹھی نے 2019 میں اپنے قریبی دوست بلال صدیقی سے امریکہ میں شادی کی تھی، جس سے ان کی منگنی ایک سال قبل انجام پائی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں