فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر ایک بار پھر امریکہ پہنچ گئے، ہم منصب سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں

پاک سعودی دفاعی معاہدہ، غزہ کی صورتحال اور پڑوسیوں سے تعلقات سمیت اہم معاملات پر مذاکرات کریں گے
جنرل عاصم نے اپنے معتمد خاص وزیرداخلہ محسن نقوی کو بھی بلالیا، اگر شہباز، ٹرمپ سے ملے تو وہ بھی موجود ہونگے
واشنگٹن /نیویارک ( رپورٹ : محمد فرخ) پاکستان کے فیلڈ مارشل مختصر مدت میں تیسری بار امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ وہ واشنگٹن ڈی سی میں موجود ہیں۔ جہاں وہ اپنے ہم منصب امریکی جنرل اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ پاک سعودی دفاعی معاہدہ، غزہ جنگ بندی اور غزہ میں مسلم ممالک کی فوج کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ معلوم ہوا ہے کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات پر بھی بات چیت ہوگی۔پاکستان نے
ایک ڈویژن فوج بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جو تعیناتی کے لئے بلکل تیار ہے۔بعد میں مزید فوجی بھی بھیجے جائیں گے۔وزیرداخلہ محسن نقوی بھی واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔ جنہیں فیلڈ مارشل نے خصوصی طور پر طلب کرلیا ہے۔اس سے بات چیت کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ جنرل عاصم منیر کے معتمد خاص ایشیا کپ کے دوران ہی امریکہ آگئے ہیں۔ اسی دوران صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کی باتیں بھی ہورہی ہیں مگر ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔تاہم امریکہ کے صدر سے متوقع ملاقات میں فیلڈ ماشل بھی موجود ہونگے۔ وزیرداخلہ جو عام طور سے وزیراعظم کے ساتھ کم دیکھے جاتے ہیں مگر فیلڈ مارشل جہاں بھی جاتے ہیں وہ ضرور ساتھ ہوتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں