وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت: سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف اور بحالی کی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں عوام کی مکمل بحالی تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کی لپیٹ میں آنے والے پاکستانی عوام کی آواز دنیا تک پہنچائی۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلی کے باعث قدرتی آفات کا نشانہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کو امداد و بحالی کے آپریشنز کی نگرانی کرنے اور باقاعدگی سے جائزہ اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبوں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ نقصان کے تخمینے کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

وزیراعظم نے فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ جلد مکمل کرنے اور جامع بحالی منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔ ایم-5 موٹر وے پر دریائے ستلج میں متاثرہ حصے کی فوری بحالی کے لیے این ایچ اے کو ہدایات جاری کی گئیں۔

اجلاس میں سیلاب سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات، موزوں فصلوں کی کاشت، اور متاثرین کی گھروں کو واپسی کے لیے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تقریباً ساڑھے تین لاکھ متاثرہ افراد اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں، جبکہ سندھ میں کچھ لوگ اب بھی کیمپس میں مقیم ہیں۔

وزیراعظم نے آئندہ ایک ہفتے میں نقصانات کے جامع جائزے پر رپورٹ طلب کر لی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں