نیو جرسی: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان میں معیشت، انسداد دہشت گردی، معدنیات، اے آئی، آئی ٹی اور کرپٹو کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں تجارتی تعلقات، ٹیرف، اور معدنیات کی قیمتوں کے مناسب تعین پر بھی اتفاق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تجارتی معاہدے باہمی مفادات کے تحت ہوں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ چار روزہ جنگ میں افواج پاکستان نے ہندوستان کو شکست دی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دانشمندی سے افواج کی قیادت کی۔ وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 40 سال میں ایسا شاندار استقبال نہیں دیکھا گیا۔
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی ڈیڑھ سال میں کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ہے اور پالیسی ریٹ 22.5 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آ گیا ہے۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو عظیم سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سال 24-25 میں انہوں نے ساڑھے 38 ارب ڈالر ملک بھیجے، جس سے معیشت مستحکم ہوئی۔