امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر 8 مسلم ممالک کا مشترکہ ردعمل، دفتر خارجہ پاکستان کا بیان بھی سامنے آگیا

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کی جنگ کے خاتمے اور فلسطینیوں کی بے دخلی روکنے کے اعلان پر 8 مسلم ممالک نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے، جس پر پاکستان کے دفتر خارجہ کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

8 مسلم ممالک کا مشترکہ بیان

بیان جاری کرنے والے ممالک میں پاکستان، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور قطر شامل ہیں۔ وزرائے خارجہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت اور امن قائم کرنے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امریکا کے اس اقدام سے خطے میں امن کی نئی راہیں کھلیں گی۔

امن کی کوششوں کا خیر مقدم

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے امریکی اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ غزہ جنگ کے خاتمے اور فلسطینیوں کی بے دخلی روکنے کے لیے یہ ایک اہم پیش رفت ہے۔ وزرائے خارجہ نے امریکا کے ساتھ امن کی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر بھی زور دیا۔

دو ریاستی حل کی حمایت

مشترکہ بیان میں دو ریاستی حل اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کی گئی، ساتھ ہی غزہ کی تعمیر نو اور اسرائیلی افواج کے انخلا پر زور دیا گیا۔

عملدرآمد پر تعاون

وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے امریکا اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور طے پانے والے معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے میں تعاون فراہم کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں