غزہ میں بمباری جاری، مزید 39 فلسطینی شہید – جنگ بندی منصوبے کے باوجود اسرائیلی جارحیت برقرار

غزہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جنگ بندی منصوبے کے اعلان کے باوجود اسرائیلی افواج نے بمباری جاری رکھتے ہوئے مزید 39 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق خان یونس میں بے گھر افراد کے خیمے پر فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد شہید ہوگئے۔ النصیرات پناہ گزین کیمپ پر حملے میں پانچ افراد زخمی ہوئے جبکہ غزہ شہر میں بھی توپ خانے کی گولہ باری کی گئی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق حماس کی مذاکراتی ٹیم صدر ٹرمپ کے مجوزہ 20 نکاتی امن منصوبے پر غور کر رہی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اس منصوبے پر پہلے ہی رضامندی ظاہر کر چکے ہیں۔

یہ منصوبہ سعودی عرب، قطر، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، اٹلی، فرانس، برطانیہ اور فلسطینی اتھارٹی سمیت کئی ممالک کی حمایت حاصل کر چکا ہے۔ تاہم غزہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ معاہدے میں اب بھی کئی سوالات باقی ہیں، بالخصوص یہ کہ بین الاقوامی استحکام فورس کس نوعیت کی ہوگی۔

اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 66 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 68 ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں