لاہور: محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑے جانے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے کہا کہ آئندہ چند روز میں پنجاب کے بالائی علاقوں میں 70 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ راولپنڈی سے لاہور تک شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں بھی بارش متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت سے آئندہ 48 گھنٹوں میں ایک لاکھ کیوسک پانی آنے کا امکان ہے۔ منگلا ڈیم کی سطح بلند ہے مگر جہلم میں بڑی سیلابی صورتحال نہیں، البتہ ستلج اور راوی میں پانی کی آمد بڑھنے کی پیشگوئی ہے۔
عرفان کاٹھیا کے مطابق 2025 کا سیلاب حالیہ تاریخ کے تمام سیلابوں سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوا، جس میں گھروں، مویشیوں، فصلوں اور انسانی جانوں کو شدید نقصان پہنچا۔
🚨 متاثرہ اضلاع میں پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکمے سروے اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔