لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے واضح کر دیا ہے کہ اگر انہیں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کی آفر بھی ملے، تب بھی وہ بھارت نہیں جائیں گی۔
اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے نئے ڈرامے سمیت مختلف موضوعات پر بات کی۔ دورانِ گفتگو میزبان نے ان سے سوال کیا کہ اگر بھارت سے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کی پیشکش ہو تو کیا وہ قبول کریں گی؟
اس پر مومنہ اقبال نے دو ٹوک جواب دیا کہ “میں بھارت نہیں جاؤں گی، چاہے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ہی کیوں نہ ہو۔”
اداکارہ نے مزید کہا کہ “مجھے اپنے ملک میں جو عزت اور محبت مل رہی ہے، وہ میرے لیے کافی ہے۔ میں اپنے ملک میں رہ کر ہی اپنے لوگوں اور اپنے وطن کا نام روشن کرنا چاہتی ہوں۔”
مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ “مجھے سب سے پہلے اپنے لوگوں کی محبت چاہیے، باقی سب بعد میں۔ میں اپنے ملک میں کام کرنے کو ترجیح دیتی ہوں کیونکہ یہاں مجھے وہ مقام ملا ہے جس پر مجھے فخر ہے۔”