پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات میں نئی پیش رفت، 200 ملین ڈالر حلال ایکسپورٹ معاہدہ اور کئی شعبوں میں تعاون پر اتفاق

کوالالمپور :پاکستان اور ملائیشیا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم سے پردانا پترا میں ملاقات کی، جہاں ان کا سرکاری استقبال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اکتوبر 2024 کے دورہ پاکستان کے بعد سے دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں ممالک نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، حلال انڈسٹری، آٹوموٹیو، گرین انرجی، سیاحت، اعلیٰ تعلیم، زراعت اور موسمیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان سے ملائیشیا کو حلال گوشت کی برآمدات کا کوٹہ 200 ملین امریکی ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس پر بھی اطمینان ظاہر کیا کہ پاکستان کی چاول کی برآمدات مقررہ کوٹہ سے تجاوز کر چکی ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات کا ثبوت ہے۔

علاقائی اور بین الاقوامی امور پر گفتگو کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جہاں ملائیشین وزیراعظم نے فلسطین کے تنازعے کے حل اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔

دونوں ممالک نے اقوام متحدہ (UN) اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) جیسے فورمز پر مشترکہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملائیشیا نے تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آسیان (ASEAN) کی سربراہی سنبھالنے پر انور ابراہیم کو مبارکباد دی اور پاکستان کے مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کے لیے ملائیشیا کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے، جن میں سفارتکاروں کی تربیت، سیاحت، حلال سرٹیفکیشن، اعلیٰ تعلیم، انسداد کرپشن اور ایس ایم ای (SME) ڈیویلپمنٹ کے معاہدے شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم انور ابراہیم کی کتاب “Script” کی رونمائی کی گئی، جو قیادت اور وژن پر مبنی ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں