لاہور تا اسلام آباد موٹروے بند، میٹرو اور انٹرنیٹ سروس معطل — احتجاج کے باعث پنجاب میں کشیدگی

لاہور/اسلام آباد — مذہبی جماعت کی احتجاجی ریلی کے اعلان کے بعد لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ انتظامیہ نے موٹروے، جی ٹی روڈ اور پبلک ٹرانسپورٹ کے متعدد راستے بند کر دیے جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی معطل کر دی گئی۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس بند کر دی گئی۔ اسکولوں میں 11 بجے چھٹی دے دی گئی جبکہ پنجاب یونیورسٹی میں امتحانات ملتوی کر دیے گئے۔

موٹروے پر ٹھوکر نیاز بیگ، بابو صابو، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم اور چکوال موڑ سمیت متعدد مقامات پر کنٹینرز لگا کر ٹریفک بند کر دی گئی۔ اس صورتحال میں شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی منظوری سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل انٹرنیٹ سروس غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی، جبکہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دس روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو پارک روڈ، ترامری چوک، سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے استعمال کرنے کی ہدایت دی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر کی فضائی نگرانی بھی کر رہے ہیں جبکہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے بھاری نفری تعینات ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں