پاکستان میں معاشی استحکام حاصل ہو چکا ہے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

کراچی — وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے وژن 2030 سے پاکستان بہت کچھ سیکھ سکتا ہے، کیونکہ یہ وژن ترقی، جدیدیت اور پائیدار معیشت کی بہترین مثال ہے۔

سعودی سرمایہ کاروں اور اوورسیز چیمبر آف کامرس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پاکستان سعودی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وژن 2030 کو عالمی سطح پر منفرد مقام حاصل ہو رہا ہے، اور پاکستان اس سے اقتصادی تعاون اور جدید اصلاحات کے حوالے سے رہنمائی حاصل کر سکتا ہے۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، جس کے نتیجے میں ملک نے معاشی استحکام حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام معاشی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں، اور تین بڑی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کی معیشت کو مثبت قرار دیا ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت توانائی، ٹیکس اور دیگر شعبوں میں بنیادی اصلاحات پر عمل پیرا ہے، اور یہ عمل متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات پر مبنی ترقی، کیش لیس معیشت اور ڈیجیٹائزیشن کی سمت بڑھ رہی ہے تاکہ شفافیت اور پائیداری حاصل کی جا سکے۔

مزید کہا کہ وہ آئی ایم ایف کی سالانہ میٹنگ میں شرکت کے لیے آج رات واشنگٹن روانہ ہوں گے، اور اس دوران سیلاب زدگان کی بحالی کے معاملات پر بھی بات چیت ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں