کرکٹ میں انقلاب: آئی سی سی نے پچ رپورٹ کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال شروع کر دیا

وشاکھا پٹنم (ویب ڈیسک) — کرکٹ کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم ہو گئی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اب پچ رپورٹنگ کے لیے مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence – AI) ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

یہ جدید تجربہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے دسویں میچ سے قبل کیا گیا، جہاں بھارت کی سابق کپتان متھالی راج نے گوگل کے جیمنائی اے آئی ٹول کے ذریعے پچ رپورٹ پیش کی۔

متھالی راج نے Gemini Live فیچر استعمال کرتے ہوئے کیمرے کے ذریعے پچ دکھائی اور سوال کیا:

“ہم وشاکھا پٹنم کے اے سی اے وی ڈی سی اے سٹیڈیم میں ایک ون ڈے میچ کے لیے موجود ہیں، یہاں موسم گرم اور مرطوب ہے، آپ اس پچ کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟”

اس پر گوگل جیمنائی اے آئی نے تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ:

“یہ پچ ہموار اور بیٹنگ کے لیے سازگار ہے، گھاس کم ہے، اور گرم و مرطوب موسم کے باعث گیند زیادہ سوئنگ نہیں کرے گا۔ اس لیے ایک زیادہ رنز والا میچ متوقع ہے۔”

متھالی راج نے جیمنائی کے تجزیے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ واقعی یہ ایک بیٹنگ فرینڈلی پچ ہے اور شائقین کو رنز سے بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

یہ پہلا موقع ہے جب آئی سی سی نے پچ رپورٹنگ میں مصنوعی ذہانت کا عملی استعمال کیا ہے، جسے کرکٹ کے تجزیاتی عمل میں ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں