راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔مقدمہ نومبر احتجاج کیس سے متعلق ہے جس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔ عدالت میں پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے مقدمے کے ابتدائی پانچ گواہ پیش کیے جن میں سب انسپکٹر ظہیر، سب انسپکٹر اقبال، کانسٹیبل بابر، اے ایس آئی کاظم رضا اور اے ایس آئی طارق محمود شامل تھے۔مقدمے میں گیارہ ملزمان کو فردِ جرم عائد ہونے کے بعد ٹرائل کا سامنا ہے، تاہم علیمہ خان عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، نہ ان کی جانب سے کوئی وکیل پیش ہوا اور نہ ہی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی۔پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان جان بوجھ کر ٹرائل میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں اور ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ عدالت نے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور ضامن کو حکم دیا کہ وہ علیمہ خان کو عدالت میں پیش کرے۔مزید برآں، عدالت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 497 کے تحت ضمانت منسوخی کا شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا۔ مقدمہ تھانہ صادق آباد میں 3393/24 کے تحت درج کیا گیا تھا، جس میں مجموعی طور پر 87 ملزمان نامزد ہیں، جن میں سے 9 کو سزا ہو چکی جبکہ 66 اشتہاری قرار دیے گئے۔









