پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے حکمتِ عملی تیار، فلیٹ پچز نہ بنانے کا فیصلہ

لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز کے لیے جامع حکمتِ عملی ترتیب دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ اور تھنک ٹینک نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سیریز میں فلیٹ بیٹنگ پچز تیار نہیں کی جائیں گی۔تھنک ٹینک نے متعلقہ کیوریٹرز کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ ایسی پچز بنائی جائیں جو باولرز خصوصاً اسپنرز کو مدد فراہم کریں تاکہ میچز یکطرفہ نہ ہوں اور ٹیم کو متوازن فائدہ مل سکے۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ جنوبی افریقہ کے بیٹرز کی فلیٹ پچز پر جارحانہ بیٹنگ صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ٹیم انتظامیہ چاہتی ہے کہ پاکستان کے باولرز کو بھی سازگار حالات میسر آئیں تاکہ حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا جا سکے۔ذرائع نے بتایا کہ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ پر مشاورت کا عمل جاری ہے اور امکان ہے کہ اسکواڈ میں ایک اضافی اسپنر بھی شامل کیا جائے گا۔ سلیکشن کمیٹی کے مطابق بابراعظم، نسیم شاہ اور دیگر وائٹ بال اسپیشلسٹ کھلاڑیوں پر غور جاری ہے اور کسی بھی کھلاڑی کو ٹیم کی ضرورت کے مطابق موقع دیا جائے گا۔مزید برآں، ٹی 20 اسکواڈ کے تمام کھلاڑی دستیاب ہیں جبکہ ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاریوں کا آخری مرحلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ کمیٹی نے عندیہ دیا ہے کہ آئندہ میچز کے لیے ایک متوازن اور مضبوط اسکواڈ تشکیل دیا جا رہا ہے۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی 20 میچز 28 اکتوبر، 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو ہوں گے، جبکہ ون ڈے سیریز 4، 6 اور 8 نومبر کو شیڈول ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں