پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان دوحا میں اہم مذاکرات آج ہوں گے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) — پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان دوحا میں اہم مذاکرات آج منعقد ہوں گے، جن میں سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے اور پاک افغان سرحد پر امن و استحکام کے لیے اقدامات پر بات چیت ہوگی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد وزیر دفاع کی قیادت میں دوحا پہنچ چکا ہے۔ مذاکرات میں پاکستان کے خلاف حالیہ سرحد پار حملوں، دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں اور باہمی اعتماد سازی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتا، تاہم افغان طالبان حکام سے توقع رکھتا ہے کہ وہ عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کریں اور پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے قابلِ تصدیق کارروائی کریں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کا مطالبہ ہے کہ FAK/TTP اور FAH/BLA جیسے دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے، جو پاکستان کے اندر حملوں میں ملوث ہیں۔ترجمان کے مطابق، پاکستان نے قطر کی مصالحتی کوششوں کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ مذاکرات دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام میں مددگار ثابت ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں