لاہور: مہنگائی کے مارے عوام کے لیے ایک اور جھٹکا، ٹماٹر کی قیمت نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں فی کلو ٹماٹر 500 روپے تک جا پہنچا، جبکہ دیگر شہروں میں بھی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ جاری ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور میں ٹماٹر کی سپلائی 50 فیصد تک متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ راولپنڈی میں بھی صورتحال مختلف نہیں، جہاں سرکاری نرخ 130 سے 175 روپے فی کلو ہے مگر مارکیٹ میں ٹماٹر 450 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
پشاور میں بھی سرکاری ریٹ 330 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں یہی ٹماٹر 400 سے 450 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ کوئٹہ میں ٹماٹر کی قیمت 50 سے 80 روپے فی کلو سے بڑھ کر 350 روپے تک جا پہنچی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈی سے ہی ٹماٹر مہنگا مل رہا ہے، اس لیے سرکاری ریٹ پر فروخت ممکن نہیں۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ مہنگائی نے پہلے ہی جینا دوبھر کر رکھا ہے اور اب ٹماٹر نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے۔