ہانگ کانگ: ہانگ کانگ کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا، جس کے نتیجے میں دو ایئرپورٹ سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق، لینڈنگ کے وقت طیارہ رن وے سے پھسل کر حفاظتی باڑ سے ٹکرا گیا۔ اسی دوران وہاں گشت پر موجود سکیورٹی کی ایک گاڑی اس کی زد میں آگئی اور سمندر میں جا گری۔ گاڑی میں سوار 30 اور 41 سالہ دو سکیورٹی اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ دو حصوں میں ٹوٹ گیا، تاہم عملے کے چاروں ارکان دروازہ توڑ کر بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، لینڈنگ سے قبل طیارے کی جانب سے کوئی ڈسٹریس سگنل جاری نہیں کیا گیا تھا۔
تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش کار سمندر سے طیارے کے بلیک باکسز تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ حادثے کے بعد شمالی رن وے کو بند کر دیا گیا ہے، جو حفاظتی جائزے کے بعد ہی دوبارہ کھولا جائے گا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق، حادثے کے وقت موسم اور رن وے کے حالات آپریشن کے لیے محفوظ قرار دیے گئے تھے، تاہم اصل وجوہات کا تعین تفتیش کے بعد کیا جائے گا۔