اسلام آباد:
حکومتِ پاکستان نے زرعی اور صنعتی شعبوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی پر مبنی طویل مدتی ریلیف پیکیج تیار کر لیا ہے، جس کے تحت آئندہ تین سالوں کے لیے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 14 روپے تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے تین سالہ ریلیف پیکیج مکمل کر کے وزیرِاعظم شہباز شریف کو منظوری کے لیے ارسال کر دیا ہے۔ اس پیکیج کے تحت زرعی اور صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 22 روپے تا 23 روپے 50 پیسے فی یونٹ تک مقرر کیے جانے کی توقع ہے۔
فی الوقت زرعی صارفین 38 روپے فی یونٹ جبکہ صنعتی صارفین 34 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی استعمال کر رہے ہیں۔ مجوزہ کمی کے بعد انہیں 3 سال تک مستحکم نرخوں پر بجلی دستیاب ہوگی۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام صنعتی پیداوار بڑھانے، زرعی لاگت کم کرنے اور برآمدات میں بہتری کے لیے مثبت ثابت ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف آئندہ چند روز میں اس منصوبے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔