اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو کالعدم تنظیم قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت یہ اقدام اٹھایا ہے، کیونکہ حکومت کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ ٹی ایل پی دہشت گردی میں ملوث ہے اور اس کے تانے بانے مختلف دہشت گرد سرگرمیوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹی ایل پی کو فرسٹ شیڈول کی فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے، اور وزارت قانون کو ریفرنس تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اسے سپریم کورٹ میں جمع کرایا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دی گئی تھی۔
وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ حکومت ملک میں امن و امان اور قانون کی بالادستی کے لیے کسی بھی انتہا پسندانہ سرگرمی کو برداشت نہیں کرے گی۔









