پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں داخل، علاقائی روابط سے معاشی انقلاب آئے گا: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جس سے علاقائی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے۔

ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ کانفرنس دوطرفہ اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگی۔ انہوں نے شریک ممالک کے مندوبین کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ کانفرنس نے بین الاقوامی سطح پر بات چیت اور تعاون کا ایک نیا موقع فراہم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر ٹرانسپورٹ اور روابط کے نظام میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، اور ہمارا خطہ صدیوں سے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا مرکزی محور رہا ہے۔ معیشت کی بڑھتی اہمیت نے اس قدیم گزرگاہ کی اہمیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کی ساحلی پٹی اور کراچی کی بندرگاہ میری ٹائم سلک روڈ کا اہم حصہ ہیں، جبکہ پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں سرمایہ کاری، کاروباری روابط اور مشترکہ خوشحالی پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ٹرانس افغان ریلوے اور اسلام آباد-تہران-استنبول ریلوے کوریڈور جیسے بڑے منصوبے خطے کی اقتصادی صلاحیتوں کو یکجا کریں گے، جس سے معاشی اور تجارتی انقلاب آئے گا۔

انہوں نے ڈیجیٹل ترقی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں روابط صرف سڑک یا ریل تک محدود نہیں رہے، بلکہ ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کا انضمام ہی ترقی کی نئی بنیاد ہے۔ پاکستان ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں