اسلام آباد:پاکستان اور بھارت کی ایمرجنگ کرکٹ ٹیمیں ایک بار پھر مدمقابل آنے جا رہی ہیں۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ ایشیا کپ ایمرجنگ کا نیا نام “ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2025” رکھا گیا ہے، جو 14 سے 23 نومبر تک دوحہ، قطر میں کھیلا جائے گا۔یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہوگا جس میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں وہی آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جو گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ میں شریک تھیں — پاکستان، بھارت، افغانستان، سری لنکا، بنگلادیش، عمان، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ۔گروپ ڈراز کے مطابق پاکستان اے اور بھارت اے ایک ہی گروپ میں شامل کیے گئے ہیں جن کے ساتھ عمان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں بھی موجود ہیں۔دوسرے گروپ میں بنگلادیش اے، افغانستان اے، سری لنکا اے اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 16 نومبر کو گروپ مرحلے میں ٹکرائیں گی۔ایونٹ میں سپر فور مرحلہ نہیں ہوگا، اس لیے دونوں ٹیموں کے درمیان زیادہ سے زیادہ دو میچز ممکن ہوں گے — ایک گروپ مرحلے میں اور دوسرا فائنل میں اگر دونوں ٹیمیں وہاں پہنچتی ہیں۔ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک اہم موقع سمجھا جا رہا ہے، جہاں انہیں بین الاقوامی معیار کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔









