اسلام آباد:وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ بھارت نے ایک پاکستانی مچھیرے اعجاز ملاح کو پیسوں کا لالچ دے کر جاسوسی کے کام پر لگا دیا۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت نے مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن مہم شروع کی، جس کے تحت بھارتی خفیہ ایجنسی را (RAW) نے اعجاز ملاح کو پاکستان بھیجا۔
بھارتی ایجنسی نے اعجاز ملاح کو ٹاسک دیا کہ وہ پاک فوج، نیوی اور رینجرز کی وردیاں، زونگ سمز، پاکستانی سیگریٹ اور کرنسی خریدے تاکہ انہیں پروپیگنڈا مہم میں استعمال کیا جا سکے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں نے مچھیرے کی سرویلنس کی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
اعجاز ملاح نے اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ وہ مچھلی پکڑنے گیا تھا تو بھارتی کوسٹ گارڈ نے اسے پکڑ لیا اور پیسوں کے عوض خفیہ معلومات اکٹھی کرنے کا کہا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے اعجاز ملاح کو پچانوے ہزار روپے دیے گئے، اور اس کے ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا پروپیگنڈا آپریشن مکمل طور پر ایکسپوز ہوچکا ہے، اور پاکستان کے ادارے ہر محاذ پر چوکنا ہیں۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ میڈیا کے ساتھ آڈیو اور ویڈیو شواہد بھی شیئر کیے جائیں گے جو اس بھارتی منصوبے کو مکمل طور پر بے نقاب کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ادارے اپنی سرزمین پر کسی کو جاسوسی یا پروپیگنڈا کی اجازت نہیں دیں گے۔









