ترکیہ ہوٹل آتشزدگی کیس: مالک سمیت 11 افراد کو عمر قید کی سزا

انقرہ:ترکیہ کے ایک ہوٹل میں ہونے والی خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں درجنوں ہلاکتوں کی وجہ ہوٹل مالکان اور عملے کی غفلت قرار دی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں سال کے آغاز میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں 34 بچوں سمیت 78 افراد جاں بحق اور 137 زخمی ہوگئے تھے۔

تحقیقات کے دوران سامنے آیا کہ ہوٹل انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات اور ہنگامی انتظامات کو نظرانداز کیا، جس کے باعث بڑی تعداد میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 12 منزلہ ہوٹل کے مالک سمیت 11 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ہوٹل میں فائر الارم، ایمرجنسی راستے اور فائر سیفٹی سسٹم موجود نہیں تھا، جبکہ عملہ بھی غیر تربیت یافتہ تھا۔

عدالت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرکاری محکموں کی جانب سے ہوٹل کے اجازت نامے کے اجرا میں بھی غفلت برتی گئی جس نے جانی نقصان میں کردار ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں