اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر سطح پر بھرپور آواز اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔ پارٹی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت عوامی مسائل سے غافل اور سیاسی مخالفین کے خلاف کیسز بنانے میں مصروف ہے۔
اسلام آباد کچہری کے باہر ہونے والے خودکش حملے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ سکیورٹی کے بجائے سیاسی انتقام پر ہے۔ “کوئی حکومتی نمائندہ جوڈیشل کمپلیکس نہیں آیا، شہداء اور زخمیوں کے لیے فوری امدادی پیکج دیا جائے۔”
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں وکلا اور شہریوں کی حفاظت کے لیے مؤثر سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے، تاکہ لوگ اپنے امور بلا خوف و خطر انجام دے سکیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت بھی کی۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم نے عدالتوں کو “مکمل طور پر مفلوج” کر دیا ہے، اسی لیے پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ کے روز آئینی و قانونی احتجاج کیا جائے گا۔ “سمجھتا ہوں کہ سب لوگ اس احتجاج میں شرکت کریں گے۔”
پیپلز پارٹی سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توقع تھی کہ پارٹی بھٹو کے آئین کے دفاع کے لیے عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے “ووٹ کو عزت دو” کا نعرہ لگایا تھا مگر وہ بھی سمجھوتہ کرگئے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ بانی اور ان کی اہلیہ کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا بند ہونا چاہیے۔









