تیجس طیارہ حادثہ: بھارتی گودی میڈیا نے ناکامی چھپانے کے لیے امریکا پر ملبہ ڈال دیا

نئی دہلی: بھارت میں تیجس طیارے کے حالیہ حادثے کے بعد بھارتی گودی میڈیا نے ایک بار پھر ذمہ داری امریکا پر ڈال کر اپنی دفاعی کمزوریوں کو چھپانے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ معروف اینکر ارنب گوسوامی اور ریٹائرڈ جنرل بخشی نے حادثے کی وجہ امریکی تیار کردہ GE-404 انجن کو قرار دیا، جبکہ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ حادثہ بھارت کی اپنی دفاعی ناکامیوں اور تکنیکی مسائل کا نتیجہ ہے۔

ارنب گوسوامی نے اپنے پروگرام میں دعویٰ کیا کہ امریکہ کی جانب سے GE-404 انجن کی تاخیر نے بھارت کی دفاعی تیاری میں ’’خطرناک خلا‘‘ پیدا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جنرل الیکٹرک کبھی بھارت کا دوست نہیں رہا اور اگلی نسل کے انجنوں کی ڈلیوری جان بوجھ کر سست کی گئی۔‘‘

جنرل (ر) بخشی نے بھی یہی مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے ایک ارب ڈالر ادا کیے، مگر دو سال گزرنے کے باوجود صرف دو انجن ملے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو ’’سندور 2.0‘‘ جیسے خطرات کا سامنا ہے اور تاخیر سے فراہمی سیکیورٹی کے لیے بڑا مسئلہ ہے۔

تاہم دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی حکومت اور میڈیا امریکا پر ملبہ ڈال کر اپنی ناکام صنعتی پالیسی اور تیجس پروگرام کی اندرونی خامیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بھارتی دفاعی شعبے میں پیداوار کے کم معیار، آزمائشی مراحل کی کمزوریاں، اور عدم تحفظ جیسے مسائل طویل عرصے سے رپورٹ ہو رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا پر الزام تراشی نہ تو مسئلے کا حل ہے اور نہ ہی اس سے بھارت کی دفاعی کمزوریاں چھپ سکتی ہیں۔ تیجس حادثہ واضح طور پر بھارتی دفاعی صنعت کی ناکامی اور تکنیکی مسائل کی نشاندہی کرتا ہے، جسے میڈیا بیانیے سے بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں