بنوں پولیس کی بروقت کارروائی، دوا پل پر 10 کلو بارود سے تیار IED ناکارہ—بڑا حملہ ناکام

پولیس نے بنوں میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، جہاں علی الصبح بسیہ خیل کے علاقے میں واقع دوا پل کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق نامعلوم شرپسند عناصر نے 8 سے 10 کلو بارود سے بھری بالٹی سے تیار کی گئی دیسی آئی ای ڈی پل کے مرکزی ستون کے ساتھ منسلک کر رکھی تھی، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے موقع پر پہنچ کر کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں پل سمیت اہم عوامی انفرا اسٹرکچر بڑے نقصان سے محفوظ رہا۔

اہل علاقہ نے پولیس کی بروقت ایکشن پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوامی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا کر معصوم لوگوں کو مشکلات میں ڈالنے والے عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے بنوں پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

آرپی او بنوں سجاد خان نے بی ڈی اسکواڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے استعمال میں آنے والے انفرا اسٹرکچر کو تباہی سے بچانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کا مکمل قلع قمع ضروری ہے اور وہ کسی رحم کے حقدار نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں