پشاور ایف سی ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملہ ناکام، 3 اہلکار شہید—تین دہشت گرد ہلاک

پشاور: فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز پشاور میں دہشت گردوں کے خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ الرٹ ایف سی جوانوں نے بہادری کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گیٹ سے اندر داخل ہونے سے پہلے ہی مار گرایا جبکہ ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق حملہ صبح 8:10 پر ہوا۔ دھماکے میں گیٹ پر موجود 3 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ دو مزید حملہ آور دھماکے کے بعد اندر داخل ہونے کی کوشش میں مارے گئے۔

افسران کا کہنا ہے کہ ہیڈکوارٹرز میں پہلے سے سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی جس کی وجہ سے دہشت گرد اپنے منصوبے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 5 زخمیوں کو ایل آر ایچ منتقل کیا گیا جن میں دو ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور ایف سی جوانوں کی بروقت کارروائی بڑی تباہی سے بچاؤ کا باعث بنی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں