پشاور ایف سی ہیڈکوارٹرز حملہ: تین افغان دہشت گردوں کی شناخت، بڑا سانحہ ٹل گیا

پشاور: ایف سی ہیڈکوارٹرز پشاور پر ہونے والے خودکش حملے کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی۔ پولیس اور سکیورٹی اداروں نے حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کی شناخت کر لی ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق تینوں ہلاک دہشت گرد افغان شہری تھے جن کے قبضے سے بھاری ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پہلا خودکش حملہ آور سنہری مسجد روڈ کی جانب سے پیدل چلتا ہوا مرکزی گیٹ پر پہنچا۔ حملہ آور نے خود کو چادر میں چھپا رکھا تھا اور ناکے پر پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار موقع پر شہید ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے مرکزی گیٹ کو نقصان نہیں پہنچا۔ دھماکے کے فوراً بعد شلوار قمیض میں ملبوس دو مزید حملہ آور سائیڈ گیٹ سے اندر داخل ہوئے جن کے پاس رائفلز اور ہینڈ گرینیڈ موجود تھے۔ دونوں حملہ آور اندر داخل ہو کر دائیں جانب مڑے اور موٹر سائیکل اسٹینڈ کی طرف بڑھتے ہوئے فائرنگ کرتے رہے، تاہم ایف سی جوانوں کی بروقت جوابی کارروائی میں دونوں دہشت گرد مارے گئے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کا مقصد اہلکاروں اور افسران کو یرغمال بنانا تھا کیونکہ ہیڈکوارٹرز میں اس وقت پریڈ اور بھاری نفری موجود تھی۔ فورسز نے موقع کو بروقت کلیئر کر کے ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں