لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ ضمنی انتخابات کسی عام الیکشن کے بجائے ایک ریفرنڈم تھے جسے مسلم لیگ (ن) نے واضح اکثریت سے جیتا۔ انہوں نے کہا کہ “قیدی نمبر 804 کو گھر میں گھس کر شکست دی گئی، جب عوام ساتھ ہوں تو الیکشن کا کسی صورت بائیکاٹ نہیں کیا جاتا۔”
صوبائی وزرا اور سیکرٹریز کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہارنے کے بعد اسے بائیکاٹ قرار دینا بدترین منافقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دھاندلی دیکھ لیتی ہے، آج بین الاقوامی پبلیکیشنز لکھ رہی ہیں کہ “پنجاب جادو ٹونے پر چلتا تھا”، مگر جادو ٹونا تھوڑی دیر کے لیے کامیابی دلوا سکتا ہے، مستقل کامیابی عوامی حمایت سے ملتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جیل میں اپنے والد نواز شریف سے ہفتے میں صرف 20 منٹ ملاقات کی اجازت ہوتی تھی جبکہ اپنی والدہ کی وفات کی خبر بھی انہیں جیل میں ملی، لیکن اس کے باوجود انہوں نے الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا۔ “نواز شریف نے بھی جیل میں ہوتے ہوئے بائیکاٹ نہیں کیا۔ پی ٹی آئی آج اپنے اعمال کا نتیجہ بھگت رہی ہے۔”
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک پر حملہ کرنے والوں کے گلے میں پھولوں کے ہار نہیں ڈالے جاتے، پی ٹی آئی نے توڑ جوڑ کرکے الیکشن جیتے، مگر جب انہوں نے ریاست پر حملہ کیا تو ان کا زوال شروع ہوگیا۔
مریم نواز نے خیبرپختونخوا کی سابق حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ”کرپشن کے ڈھیر لگ گئے، بیانیے سے پیٹ نہیں بھرتے، کارکردگی دکھانا پڑتی ہے۔ پورا خیبرپختونخوا پتھر کے زمانے میں چلا گیا، اب کے پی عوام کے لیے دل اور وسائل کے دروازے کھولتے ہیں۔“
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مقبول لیڈر الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرتا، پی ٹی آئی نے “قیدی نمبر 804” کے نام پر الیکشن لڑا لیکن عبرتناک شکست ہوئی۔ انہوں نے ضمنی الیکشن میں کامیابی کو نواز شریف اور پنجاب و خیبرپختونخوا کے عوام کے نام کرنے کا اعلان کیا۔









