محسن نقوی کا اعلان: فیک نیوز پر کریک ڈاؤن اور غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف سخت کارروائی

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اظہارِ رائے کی آزادی کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی اور گمراہ کن خبریں پھیلائی جائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت اب فیک نیوز کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن شروع کر رہی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی “90 فیصد خبریں جھوٹی” ہوتی ہیں، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کی تذلیل، جھوٹا پروپیگنڈا یا قومی سلامتی سے متعلق غلط معلومات برداشت نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ دہشتگرد حملوں میں ملوث ملزمان کی شناخت افغان شہریوں کے طور پر ہوئی ہے، جن میں ایف سی اہلکاروں پر حملہ کرنے والے 3 افراد اور اسلام آباد کچہری حملہ آور شامل ہیں۔ ان کے مطابق، ملک بھر میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اب تک اس میں بڑی کامیابی حاصل ہو چکی ہے۔

وزیر داخلہ نے خبردار کیا کہ جو افغان شہری واپسی کے بعد دوبارہ پاکستان آیا اسے فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا میں افغان باشندوں کو “تحفظ” دیا جا رہا ہے جو قومی سلامتی کے تقاضوں کے خلاف ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات میں کوئی صوبہ اپنی مرضی کی پالیسی نہیں اپنا سکتا، ملک گیر حکمت عملی ہی نافذ ہوگی اور کسی قسم کی انحراف برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں