کراچی میں کھلے مین ہول میں گر کر لاپتا ہونے والا کمسن ابراہیم 15 گھنٹے بعد مردہ حالت میں ملا

کراچی: گلشن اقبال کے علاقے میں نیپا پل کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر لاپتا ہونے والے تین سالہ بچے ابراہیم کی لاش 15 گھنٹے بعد جائے حادثہ سے چند سو میٹر دور سے برآمد کرلی گئی۔ کے ایم سی کی امدادی ٹیم کو بچے کی لاش تقریباً نصف کلومیٹر دور اُس مقام سے ملی جہاں وہ لائن میں بہتے ہوئے جا کر پھنس گئی تھی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بچے کے گرنے کے بعد رات بھر سرچ آپریشن جاری رہا، تاہم مناسب مشینری نہ ہونے کی وجہ سے کارروائی کئی گھنٹے متاثر رہی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کھدائی کے لیے درکار ہیوی آلات موجود نہیں تھے، جبکہ کسی سرکاری ادارے کی جانب سے بھی فوری معاونت فراہم نہیں کی گئی۔

علاقہ مکینوں نے انتظامیہ کی عدم دلچسپی اور ریسکیو کے سست عمل پر شدید احتجاج کیا اور بعد ازاں اپنی مدد آپ کے تحت ہیوی مشینری منگوا کر کھدائی کا عمل شروع کیا۔ آخرکار 15 گھنٹے کی تلاش کے بعد ابراہیم کی لاش برآمد کی گئی، جسے شناخت کے بعد اس کے دادا کے حوالے کردیا گیا۔

یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر شہر میں کھلے مین ہولز، شہری انتظامیہ کی غفلت اور عدم توجہی کے سنگین نتائج کو نمایاں کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں