پاکستانی معروف اداکارہ رمشا خان کے مبینہ کاسمیٹک ٹریٹمنٹس پر ماہرِ جلد ڈاکٹر سمن ذیشان نے سوشل میڈیا پر تفصیلی تجزیہ پیش کیا ہے۔ حال ہی میں رمشا خان کی تقریباً 15 سال پرانی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کی موجودہ شکل و صورت میں نمایاں تبدیلیوں پر مداحوں میں بحث چھڑ گئی تھی۔
دبئی میں پریکٹس کرنے والی ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر سمن ذیشان نے ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ رمشا خان کی سب سے واضح تبدیلی ان کے ہونٹ ہیں، جو ماضی کے مقابلے میں زیادہ بھرے ہوئے اور متناسب نظر آتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ممکنہ طور پر ہونٹ فلرز کا نتیجہ ہے اور یہ کام نہایت خوبصورتی سے کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر سمن نے مزید کہا کہ رمشا خان کی چیک بونز میں کانٹورنگ بھی جچی ہوئی دکھائی دیتی ہے، جو وقت کے ساتھ آنے والی نارمل تبدیلیوں کے باوجود زیادہ نمایاں محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ اداکارہ کی ناک کا وہ ہلکا سا ابھار (ہمپ) جو پہلے موجود تھا، اب کم دکھائی دیتا ہے، جو ممکنہ طور پر نان سرجیکل نوز کریکشن سے بہتر کیا گیا ہوگا۔
رمشا خان کی جانب سے اب تک ان دعوؤں کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، تاہم سوشل میڈیا پر ان کے مداح اور صارفین اس موضوع پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔









