شاہ رخ خان کا آندرے رسل کی آئی پی ایل ریٹائرمنٹ پر جذباتی پیغام: “مسّل رسل فار لائف”

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک اور بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے آندرے رسل کی آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ پر جذباتی ردعمل دیتے ہوئے انہیں ٹیم کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش حصہ قرار دیا ہے۔ آندرے رسل، جو 12 سیزنز تک آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کے ذریعے شہرت حاصل کرتے رہے، اب لیگ کرکٹ کو خیرباد کہہ کر 2026 سے کے کے آر کے ’’پاور کوچ‘‘ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ وہ دیگر عالمی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں اپنا کریئر جاری رکھیں گے۔

رسل کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پر محبت بھرا پیغام جاری کیا۔ انہوں نے لکھا کہ رسل صرف ایک کھلاڑی نہیں بلکہ ’’نائٹ اِن شائننگ آرمر‘‘ ہیں جنہوں نے برسوں تک ٹیم کے لیے بے مثال خدمات انجام دیں۔ شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ رسل کو کے کے آر کے علاوہ کسی اور جرسی میں سوچنا بھی عجیب لگتا ہے کیونکہ ان کی شناخت اب پرپل اینڈ گولڈ کے ساتھ جڑ چکی ہے۔

شاہ رخ نے مزید کہا کہ رسل کا نیا سفر صرف کردار کی تبدیلی ہے، تعلق وہی رہے گا۔ انہوں نے انہیں ’’مسّل رسل فار لائف‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری کے کے آر فیملی ان کے ساتھ کھڑی ہے اور مستقبل میں بھی ان کے تجربے سے فائدہ اٹھاتی رہے گی۔

آندرے رسل نے آئی پی ایل کے 140 میچز میں 2,651 رنز اسکور کیے اور 174 کے تباہ کن اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ اپنی دھاک بٹھائی۔ ان کی 123 وکٹوں نے انہیں لیگ کے خطرناک ترین میچ ونرز میں شامل کیا۔ وہ کے کے آر کے ساتھ دو بار چیمپئن بھی بنے (2014، 2024) اور دو بار ایم وی پی ایوارڈ (2015، 2019) حاصل کیا، جس سے وہ فرنچائز کے مستقل لیجنڈ بن گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں