راولپنڈی: سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے ان کا ایک جعلی کلپ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلایا، جسے غلط طور پر بھارتی چینل پر دیا گیا بیان قرار دیا جا رہا ہے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ انہوں نے ’’آپریشن سندور 2‘‘ یا بھارت سے متعلق کسی بھی اقدام کی بات کسی چینل پر نہیں کی۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا کلپ جعلی ہے جسے حکومت نے اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کیا۔
انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’بغیر ویزا مودی پاکستان کس کے پاس آیا تھا؟‘‘ اور ’’سب سے زیادہ دوستی مودی سے کس کی تھی؟‘‘۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ بھارت میں ان کی کوئی جائیداد ہے اور نہ ہی مودی سے کوئی تعلق۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ انڈین میڈیا کے ذریعے ہمارے اپنے میڈیا نے بانی پی ٹی آئی کی خبریں چلائیں، جبکہ مقامی میڈیا خود یہ خبر چلانے سے گریزاں رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نورین نیازی کا وائرل کلپ بھی اے آئی سے بنایا گیا ہے کیونکہ ان کی بہن ایسی گفتگو نہیں کر سکتی۔
مزید گفتگو میں علیمہ خان نے الزام لگایا کہ عمران خان کے پاس نواز شریف کی مبینہ منی لانڈرنگ کی پوری فائل موجود ہے، جس میں نیویارک بینک کے ذریعے رقوم کی ترسیل کے ثبوت شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس 10 سال پرانی فائل بھی موجود ہے جس میں بھارت کو مبینہ رقوم بھیجنے کے شواہد موجود ہیں۔
یہ بیانات میڈیا اور سیاسی حلقوں میں نئی بحث کا باعث بن گئے ہیں، جبکہ حکومتی موقف تاحال سامنے نہیں آیا۔









