اسلام آباد — ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اہم پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ایک مخصوص شخص ملک کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ عوام کو فوج کے خلاف ابھارے یا ملکی اداروں کے درمیان دراڑ پیدا کرے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مذکورہ شخص نے نہ صرف ریاست مخالف بیانیہ اپنایا بلکہ عوام کو فوج کے خلاف اکسانے، بجلی کے بل جمع نہ کرانے اور ترسیلات زر ملک نہ بھیجنے جیسی ترغیبات بھی دیں۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت اور افغانستان سے آپریٹ ہو رہے ہیں، اور یہی بیرونی عناصر ان بیانیوں کو تقویت دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی اور افغان میڈیا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کو بڑھاوا دے رہے ہیں، جبکہ فوج ریاست کی ڈھال ہے اور سیاسی تنازعات سے بالاتر رہتی ہے۔ فوج کے خلاف ہر منفی مہم کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔









