کراچی — شہر قائد میں کھلے مین ہول میں ایک اور معصوم بچی گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آگیا۔ منگھوپیر تھانے کے علاقے گرم چشمہ یونین کمیٹی نمبر 2 میں نجی اسکول کی پہلی جماعت کی طالبہ عنایہ امین اسکول سے چھٹی کے بعد گھر جاتے ہوئے اچانک کھلے مین ہول میں جا گری۔
چشم دید افراد کے مطابق عنایہ دیگر بچیوں کے ہمراہ اسکول کے باہر سے گزر رہی تھی کہ اچانک اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ 4 سے 5 فٹ گہرے مین ہول میں جا گری۔ خوش قسمتی سے مین ہول میں پانی کا بہاؤ بہت کم تھا۔ ایک شہری نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچی کو فوراً باہر نکال کر اس کی جان بچائی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بچی کے والدین اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ایس ایچ او منگھوپیر زبیر نواز نے کہا کہ علاقے میں کئی گٹروں کے ڈھکن غائب ہیں، انتظامیہ کی غفلت ہی ایسے حادثات کا باعث بن رہی ہے۔
ٹاؤن چیئرمین نواز بروہی کا کہنا ہے کہ گٹر کے ڈھکن یوسی چیئرمین کے حوالے کیے جا چکے تھے، اب تحقیقات ہو رہی ہیں کہ انہیں نصب کیوں نہیں کیا گیا۔
علاقہ مکینوں نے حکومت سے فوری اقدامات اٹھانے، مین ہولز کو بند کرنے اور بچوں کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے جان لیوا واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔









