نیٹ فلکس نے وارنر بروس ڈسکوری کے فلمی اسٹوڈیوز اور اسٹریمنگ اثاثوں کے حصول کے لیے تقریباً 28 ڈالر فی شیئر کی تاریخی پیشکش جمع کرائی ہے، جو کمپنی کی جانب سے اب تک کی سب سے بڑی آفر قرار دی جا رہی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹ فلکس نے یہ پیشکش گزشتہ جمعرات کو جمع کرائی۔ اسی روز پیرا ماؤنٹ نے بھی تقریباً 27 ڈالر فی شیئر کی نئی آفر دی، تاہم دونوں آفرز کا براہ راست موازنہ ممکن نہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ پیرا ماؤنٹ پورا وارنر بروس ڈسکوری خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے، جس میں سی این این اور دیگر کیبل چینلز بھی شامل ہیں، جبکہ نیٹ فلکس سمیت دیگر بڈرز صرف وارنر بروس اسٹوڈیوز اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے اثاثوں تک محدود ہیں۔
معاملہ تاحال زیرِ غور ہے اور حتمی فیصلہ کمپنی کے بورڈ کی منظوری سے مشروط ہوگا۔









