پی ٹی آئی پارلیمانی اجلاس: اراکین نے سلمان اکرم راجا پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا

اسلام آباد — پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی منظر عام پر آ گئی، جس میں اراکین نے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین نے سلمان اکرم راجا کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی۔ اراکین کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجا غیر سیاسی شخص ہیں اور پارٹی سربراہ عمران خان کا پیغام درست انداز میں پہنچانے میں ناکام رہے ہیں۔

پی ٹی آئی اراکین نے یہ بھی الزام لگایا کہ سلمان اکرم راجا نے تمام رہنماؤں سے گالم گلوچ کی، جس میں علی ظفر، عالیہ حمزہ، مشال یوسفزئی سمیت دیگر رہنماؤں کے ساتھ بھی تنازع شامل ہے۔ اراکین نے مطالبہ کیا کہ سلمان اکرم راجا کو سیکرٹری جنرل کے عہدے سے ہٹا دیا جائے۔

ذرائع کے مطابق، سلمان اکرم راجا پارٹی کے لیگل ہیڈ بھی ہیں، اور ان کی اس ذمہ داری کے باعث بانی پارٹی سے ملاقاتیں بھی نہیں ہو رہی ہیں۔ نومبر میں احتجاج کی کال دینے کی ذمہ داری بھی سلمان اکرم راجا کو دی گئی تھی، مگر وہ عملدرآمد نہ کر سکے۔

اجلاس میں اراکین کے درمیان شدید اختلافات اور لفظی لڑائیاں بھی سامنے آئیں، جس سے پارٹی میں داخلی انتشار کی عکاسی ہوتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں