خیبرپختونخوا میں پاک فوج کی بڑی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد:
خیبرپختونخوا میں پاک فوج کی دو علیحدہ انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 دسمبر کو ٹانک ڈسٹرکٹ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 7 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی لکی مروت ڈسٹرکٹ میں کی گئی، جہاں مزید 2 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جو سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں میں استعمال ہو رہا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹانک اور لکی مروت میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر فورسز کے حوصلے کی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے فورسز پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں