بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے بالآخر یہ راز فاش کر دیا ہے کہ وہ کاجول اور ٹوئنکل کھنہ کے نئے ٹاک شو “ٹو مچ” میں ابھی تک کیوں نظر نہیں آئے، حالانکہ سلمان خان، عامر خان، عالیہ بھٹ اور کرن جوہر سمیت کئی بڑے ستارے اس شو میں شرکت کر چکے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے ایشین نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے 60 سالہ شاہ رخ خان نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں بتایا کہ وہ ان دنوں اپنی آنے والی فلم “کنگ” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ حال ہی میں ان کے بازو میں چوٹ بھی آئی، جس کی وجہ سے وہ شو میں شرکت نہیں کر سکے۔
شاہ رخ خان نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہیں اس شو میں آنا بہت اچھا لگے گا، مگر شو میں موجود کھانے والا سیگمنٹ ان کے لیے سب سے مشکل مرحلہ ہے کیونکہ وہاں بہت زیادہ کھانا ہوتا ہے۔
انہوں نے کاجول اور ٹوئنکل کھنہ سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگرچہ شو میں شرکت نہیں کر سکے، لیکن اس کا کفارہ ادا کرنے کے لیے انہوں نے شو کی تمام اقساط دیکھ لی ہیں۔
شاہ رخ خان اور کاجول کی گہری دوستی کا اندازہ اس بات سے بھی ہوتا ہے کہ حال ہی میں دونوں نے لندن میں اپنی شہرۂ آفاق فلم “دل والے دلہنیا لے جائیں گے” کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے مشہور رومانوی پوز پر بنے کانسی کے مجسمے کی رونمائی بھی کی ہے، جسے مداحوں نے بے حد سراہا۔









