وزیراعظم شہباز شریف: دہشت گردی کا نیا خطرہ افغان سرزمین سے سر اٹھا رہا ہے

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے خبردار کیا ہے کہ دہشت گردی کا نیا خطرہ افغان سرزمین سے ابھر رہا ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ طالبان حکومت پر اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے دباؤ ڈالے۔ وہ ترکمانستان کی مستقل غیر جانبداری کی 30 برس مکمل ہونے پر منعقدہ عالمی فورم سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے نزدیک تنازعات کا پرامن حل خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، اسی مقصد کے تحت پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی حمایت سے غزہ امن منصوبہ منظور ہوا اور سلامتی کونسل کی قرارداد 2788 پاکستان کے وژن کی تائید کرتی ہے۔

شہباز شریف نے قطر، ترکیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ایران کے امن کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے ترکمانستان کو مستقل غیر جانبداری کی پالیسی کے 30 سال مکمل ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی اور ترکمان عوام کی مہمان نوازی اور اشک آباد کی خوبصورتی کو سراہا۔

اس سے قبل وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں کے ہمراہ ترکمانستان کے تاریخی ’’یادگار غیرجانبداری‘‘ کا دورہ کیا اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن، ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترکمانستان کے صدر بردی محمدوف سمیت دیگر رہنما موجود تھے، جن سے وزیراعظم نے دوستانہ انداز میں گفتگو بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ترکمانستان میں ہیں جہاں وہ بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد، عالمی دن برائے غیر جانبداری اور ترکمانستان کی 30 ویں سالگرہ کے حوالے سے ہونے والے عالمی فورم میں شرکت کر رہے ہیں۔ وہ اس دوران عالمی رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں