اسلام آباد:بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئینٹی میچ میں ایک ہی اوور کے دوران سات وائیڈ گیندیں کروانے کے باعث کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
ارشدیپ 11واں اوور کروانے آئے تو جارح مزاج اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے پہلی ہی گیند پر بلند و بالا چھکا رسید کیا۔ چھکا کھاتے ہی ارشدیپ واضح طور پر دباؤ میں آگئے اور اگلی دو گیندیں لگاتار وائیڈ پھینک دیں۔ ایک ڈاٹ بال کے باوجود ان کی گھبراہٹ کم نہ ہوئی اور انہوں نے مزید چار مسلسل وائیڈ گیندیں کروادیں، جس سے اوور مکمل کرنے میں بھی سخت مشکلات پیش آئیں۔
اوور کے اختتام پر تین گیندوں پر سنگل اور ڈبل ہونے کے بعد ارشدیپ نے ایک اور وائیڈ بال بھی کرادی، یوں پورے اوور میں مجموعی طور پر سات وائیڈ گیندیں سامنے آئیں۔
کرکٹ مبصرین کے مطابق ارشدیپ کی یہ کارکردگی شدید دباؤ، لائن و لینتھ پر کنٹرول نہ رہنے اور تجربے کے فقدان کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی انہیں تنقید اور مزاح کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔









