کراچی:
سندھ پولیس کے شہید افسر چوہدری اسلم کی بیوہ نورین اسلم نے لیاری پر بنائی گئی بھارتی پروپیگنڈا فلم کے خلاف بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فلم پاکستان کے خلاف منظم سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے گفتگو میں کہا کہ بھارت معرکۂ حق میں شکست کے بعد فلموں کے ذریعے پاکستان مخالف مہم چلانے میں مصروف ہے، مگر ہمیشہ کی طرح یہ کوشش بھی ناکام ہوگی۔
نورین اسلم نے واضح کیا کہ بھارتی فلم چوہدری اسلم کی خدمات، قربانی اور عوام کی محبت کو کبھی کم نہیں کرسکتی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ فلم سازوں نے لیاری کو موضوع کیوں بنایا اور گینگ وار کے بدنام کردار رحمان ڈکیت کو کیوں اجاگر کیا؟ ان کے مطابق یہ فلم پاکستان مخالف دہشتگرد عناصر کی حمایت اور پروپیگنڈے کے لیے تیار کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلم میں شہید چوہدری اسلم کے کردار کو منفی رنگ میں پیش کیا گیا ہے، جو نہ صرف حقائق کے خلاف ہے بلکہ شہداء کی توہین بھی ہے۔ نورین اسلم نے اعلان کیا کہ وہ عالمی قوانین کے تحت فلم کے ڈائریکٹر اور رائٹر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی تاکہ ایسی سازشوں کا راستہ روکا جاسکے۔









